کرسٹیانو رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے پہلے ملٹی بلینیئر کھلاڑی بن گئے

رونالڈو اور میسی گزشتہ 13 برسوں میں 12 مرتبہ اس فہرست کے ابتدائی دو مقامات پر جگہ بنا چکے ہیں


اسپورٹس ڈیسک October 24, 2026

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے دولت کے میدان میں بھی نئی تاریخ رقم کردی۔

امریکی جریدے فوربز کے مطابق رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جن کے اثاثوں اور آمدنی نے ملٹی بلینیئر کی سطح عبور کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 22 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کمائے۔

سعودی کلب النصر کی جانب سے انہیں روزانہ تقریباً 4 لاکھ 88 ہزار پاؤنڈ معاوضہ ملتا ہے جبکہ اشتہارات اور کاروباری سرگرمیوں سے انہوں نے مزید 4 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ حاصل کیے۔

فوربز کی امیر ترین فٹبالرز کی فہرست میں ارجنٹائن کے لیونل میسی دوسرے نمبر پر ہیں جن کی سالانہ آمدنی تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ رہی۔

فرانسیسی اسٹار کائیلیان ایمباپے 7 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ اور ریال میڈرڈ کے وینیسیئس جونیئر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔

نوجوان ہسپانوی اسٹار لامین یامال نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

رونالڈو اور میسی گزشتہ 13 برسوں میں 12 مرتبہ اس فہرست کے ابتدائی دو مقامات پر جگہ بنا چکے ہیں جو ان کی مسلسل مالی کامیابی کا ثبوت ہے۔