پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے کیریئر کے 982ویں گول پر تنازع کھڑا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی پرو لیگ نے گول کا سہرا رونالڈو کے سر باندھا جبکہ چار معروف فٹبال ڈیٹا پلیٹ فارمز نے اسے حریف کھلاڑی کا اون گول قرار دیا ہے۔
النصر نے جمعے کو الفیصلی کو 1-3 سے شکست دی۔ میچ کے 49ویں منٹ میں جواؤ فیلکس کی فری کک پر گیند رونالڈو اور الفیصلی کے دفاعی کھلاڑی آندرے جیروٹو کے درمیان سے گزرتے ہوئے جال میں جا پہنچی۔
رونالڈو نے فوری طور پر اپنا مشہور ’سیو‘ جشن منایا تاہم ویڈیو ری پلے سے واضح نہیں ہوسکا کہ گیند ان سے ٹکرائی تھی یا نہیں۔
اوپٹا، سوفا اسکور، فوٹ موب اور فلیش اسکور نے اس گول کو جیروٹو کے کھاتے میں ڈالا ہے جس کے مطابق رونالڈو کے کیریئر گولز کی تعداد 981 بنتی ہے۔
دوسری جانب سعودی پرو لیگ کے سرکاری ریکارڈ اور ریفری کی رپورٹ کے مطابق گول رونالڈو ہی کا ہے۔
رونالڈو نے 52ویں منٹ میں ایک اور گول کیا، لیکن وی اے آر کے ذریعے آف سائیڈ قرار دے کر اسے مسترد کردیا گیا۔
سعودی لیگ کے حساب سے رونالڈو تاریخی 1000 گولز کے سنگ میل سے صرف 18 گول دور ہیں جبکہ اوپٹا کے مطابق انہیں مزید 19 گول درکار ہیں۔