کھیرا اور ٹماٹر عام طور پر سلاد کا لازمی حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ دونوں سبزیاں غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں اور روزمرہ کھانوں کے ساتھ بڑی تعداد میں استعمال کی جاتی ہیں۔ تاہم، یہ سوال اکثر اٹھایا جاتا ہے کہ کیا انہیں ایک ساتھ کھانے سے نظامِ ہاضمہ متاثر ہوسکتا ہے؟
غذائی ماہرین کے مطابق کھیرا پانی کی اچھی مقدار فراہم کرتا ہے، جبکہ ٹماٹر وٹامن سی سمیت مختلف غذائی اجزا کا ذریعہ ہے۔ دونوں کی غذائی خصوصیات مختلف ضرور ہیں، لیکن اس بات کے مضبوط سائنسی شواہد موجود نہیں کہ انہیں ایک ساتھ کھانے سے معدے میں لازماً گیس، تیزابیت یا اپھارہ پیدا ہوتا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فورٹس اسپتال میں شعبۂ غذائیت کی سربراہ دیپتی کھٹوجا نے این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں ان دونوں سبزیوں کی خصوصیات اور ہاضمے کے حوالے سے بات کی۔ ٹماٹر میں قدرتی تیزابیت پائی جاتی ہے، جبکہ کھیرا پانی سے بھرپور ہوتا ہے۔ تاہم، ان کی ہضم ہونے کی رفتار میں ممکنہ فرق کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں ملا کر کھانا جسم کے لیے نقصان دہ ہے۔ اگر کسی شخص کو سلاد کھانے کے بعد گیس، اپھارہ یا کھٹی ڈکاروں کی شکایت ہوتی ہے تو اس کی وجہ انفرادی حساسیت، تیزابیت یا خوراک کی مقدار بھی ہوسکتی ہے۔
یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ کھیرے میں موجود بعض مرکبات ٹماٹر کے وٹامن سی کو جسم میں جذب ہونے سے روکتے ہیں، لیکن عام مقدار میں ان دونوں سبزیوں کو ایک ساتھ کھانے سے وٹامن سی کے فوائد ختم ہوجانے کا کوئی مضبوط ثبوت موجود نہیں۔
صحت مند غذا میں سلاد اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ کھیرا اور ٹماٹر ایک ساتھ کھانے سے گریز کرنا ہر شخص کے لیے ضروری نہیں، البتہ اگر کسی کو ان کے استعمال سے مسلسل تکلیف ہو تو وہ مقدار کم کرکے دیکھ سکتا ہے یا کسی مستند ڈاکٹر اور غذائی ماہر سے مشورہ کرسکتا ہے۔ لیموں کا رس اور کالا نمک ذائقے کے لیے شامل کیے جاسکتے ہیں، تاہم زیادہ نمک استعمال کرنے سے گریز کرنا بہتر ہے۔
مجموعی طور پر کھیرا اور ٹماٹر ایک ساتھ کھانا عام طور پر محفوظ ہے۔ اصل توجہ متوازن غذا، سبزیوں کی صفائی اور اپنے جسم کی انفرادی ضروریات کو سمجھنے پر ہونی چاہیے۔