ایران کے صدر مسعود پزشکیان آئندہ ہفتے روس کا دورہ کریں گے جہاں وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی صدر 27 اکتوبر کو ماسکو میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم (GECF) کے آٹھویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ ملاقات بھی متوقع ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق ملاقات کے ایجنڈے میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، توانائی اور غذائی تحفظ، اور بین الاقوامی شمالی-جنوبی ٹرانسپورٹ راہداری (INSTC) سے متعلق امور شامل ہیں۔
اس راہداری کا مقصد روس، ایران اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور سامان کی نقل و حمل کو بہتر بنانا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز اور پریس ٹی وی کے مطابق دونوں صدور علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ تاہم ایرانی سفیر کے مطابق ملاقات کے دوران کسی نئے معاہدے پر دستخط طے نہیں کیے گئے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب روس اور ایران، دونوں مغربی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں اور گزشتہ برسوں کے دوران اپنے اقتصادی اور سیاسی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
جنوری 2025 میں دونوں ممالک نے ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس میں توانائی، تجارت، نقل و حمل اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فریم ورک شامل ہے۔
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے رواں ہفتے تہران کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مشاورت ماسکو میں بھی جاری رہے گی۔