وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت میں قید نہیں ہونا چاہیے، ہونہار طلبا کو با اختیار بنانے کے لیے عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں، ماضی میں نواز شریف کی زیر قیادت 6 لاکھ طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بات ملک بھر کے 5 لاکھ ہونہار اسکول و مدارس کے طالب علموں کو میرٹ پر کروم بُکس اور انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کہی۔
وزیرا عظم نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمے داری ہے، طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر کروم بکس فراہم کی جا رہی ہیں، باصلاحیت طلبا پاکستان کے حقیقی اثاثہ ہیں، 5 لاکھ طلبہ میں کروم بکس 2 سال کی مدت میں تقسیم کی جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بھر کے ہونہار طلبا کو با اختیار بنانے کے لیے عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں، ماضی میں نواز شریف کی زیر قیادت 6 لاکھ طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت میں قید نہیں ہونا چاہیے، یہ صرف محنت کی بنیاد پر ہونی چاہیے، دانش اسکولوں میں کھانے اور رہائش کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
اس تقریب کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ تقریب میں ملک بھر سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔