گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا نعرہ پیپلز پارٹی ہی لگا رہی ہے، وزیراعلیٰ 

ہماری تجویز کے باوجود وہ پی پی، ن لیگ، جے یو آئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہتے، ایڈووکیٹ امجد حسین


اسٹاف رپورٹر October 25, 2026

کراچی:

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین آزر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا نعرہ پیپلز پارٹی ہی لگا رہی ہے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ آج بابائے قوم کے مزار پر وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حاضری دے کر فخر محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے حالات سب کے سامنے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کو بیشتر مسائل کا سامنا ہے۔ پاکستان میں کسی بھی قومیت کو مسائل کا سامنا نہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہمارا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ قائداعظم نے ہمیں جو وژن دیا تھا، اسے لے کر آگے بڑھنا ہے۔ آج قائداعظم کے مزار پر عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو دنیا کے لیے ایک عظیم ملک بنائیں گے۔

امجد حسین آزر نے کہا کہ ہمارے سب سے بڑے گلیشیئرز کو دیکھنے والا کوئی نہیں تھا، ہمیں ان گلیشیئرز کو بچانا ہے۔ آج دنیا میں کلائمیٹ چینج آرہی ہے، اگر گلیشیئرز کو محفوظ نہ بنایا گیا تو خشک سالی مزید بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بات کی جاتی ہے کہ پیپلز پارٹی صوبوں کے خلاف ہے، لیکن گلگت بلتستان میں صوبے کا نعرہ پیپلز پارٹی ہی لگا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائے، اس سے کشمیر کا معاملہ بھی برقرار رہے گا۔ انڈیا نے دنیا کے قوانین توڑے، لیکن کسی نے کچھ نہیں کہا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج روکنے کے معاملے پر کہا کہ پیپلز پارٹی نے جتنی محنت کی، اتنی کسی نے نہیں کی۔ پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی نے اتنی کوشش نہیں کی اور اتنے دنوں کی تاخیر بھی پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر فورم پر بیٹھ کر بات کرنے کی تجویز دی، لیکن وہ پیپلز پارٹی، ن لیگ، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر جماعتوں کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہتے۔ ہم عوامی مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اور عوام کی خدمت کریں گے۔