خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبے کو فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہماری ترجیحات ہیں۔
خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے نوشہرہ کے علاقے مانکی شریف آمد وزیراعظم کے مشیر برائے امور داخلہ پرویز خٹک سے ملاقات کی اور ان سے صوبے کی سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری ترجیحات ہیں، دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی یقینی بنانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک سے صوبے کے سیاسی اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی، خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی یقینی بنانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق صوبائی حکومت نے وفاق کے ساتھ تمام معاملات ختم کر دیے تھے، اگر آپ کسی کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو دلیل اور دلائل سے انہیں قائل کریں، گالیاں نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تاریخ کی سب سے بڑی ایپکس کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، جس میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی اور ان کے سامنے اپنے صوبے کا مقدمہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبے کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا اور گندم کا مسئلہ حل کیا، وفاق نے مزید فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تمام سیاسی رہنماؤں اور مشیران کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کریں گے، وفاق کے ذمے ہمارے این ایف سی کے پیسے واجب الادا ہیں اور یہ 160 ارب روپے خیبرپختونخوا کے لیے الگ پیکج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی کے فنڈز بہت جلد مل جائیں گے کیونکہ ہم نے اپنی اسکیموں کو حتمی شکل دے دی ہے، وفاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مطالبہ کرنے پر فنڈز جاری کر دیے جائیں گے، ایسی کوئی وجہ نہیں کہ ہمارے فنڈز جاری نہ ہوں یا ہمارے ترقیاتی کام رک جائیں۔