زمین کے گرد گردش کرنے والے خلائی کچرے کی بڑھتی ہوئی مقدار سے نمٹنے کے لیے برطانیہ نے ایک منفرد منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت بڑے پنجوں سے لیس ایک روبوٹک خلائی جہاز تیار کیا جائے گا۔
یہ خلائی جہاز ناکارہ سیٹلائٹس کو پکڑ کر زمین کی فضا کی جانب منتقل کرے گا، جہاں وہ شدید حرارت کے باعث جل کر تباہ ہو جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق ان ٹکڑوں میں سے کوئی ایک بھی اگر کسی فعال سیٹلائٹ یا خلائی جہاز سے ٹکرا جائے تو اسے شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، جس سے اہم مواصلاتی اور دیگر خلائی خدمات بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
برطانوی منصوبے کے تحت تیار کیے جانے والے روبوٹک خلائی جہاز میں بڑے پنجے نصب ہوں گے، جن کی مدد سے ناکارہ سیٹلائٹس کو پکڑا جائے گا۔ اس کے بعد انہیں زمین کے ماحول کی جانب لے جایا جائے گا تاکہ فضا میں داخل ہونے کے دوران پیدا ہونے والی شدید حرارت سے وہ جل کر تباہ ہو جائیں۔
برطانیہ اس منصوبے پر تقریباً 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ منصوبے کا مقصد زمین کے مدار میں موجود خلائی کچرے کو کم کرنا اور فعال خلائی جہازوں کو ممکنہ تصادم سے محفوظ رکھنے میں مدد دینا ہے۔
اگر یہ مشن منصوبے کے مطابق کامیاب ہو جاتا ہے تو مستقبل میں ناکارہ سیٹلائٹس کو مدار سے ہٹانے کے لیے نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔