دانیال ظفر کو صحت کے مسائل کا سامنا، شوبز سے عارضی وقفہ لینے کا اعلان کردیا

دانیال کا کہنا ہے کہ مسلسل کام کے معمول نے ان کی صحت کو متاثر کیا ہے


ویب ڈیسک October 26, 2026

گلوکار اور اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیات اور سفر کے باعث صحت پر پڑنے والے اثرات کے پیشِ نظر کچھ عرصے کے لیے شوبز کی سرگرمیوں سے دور رہنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس وقت ان کی اولین ترجیح اپنی صحت کو بہتر بنانا ہے۔

دانیال ظفر نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ انہیں محسوس ہورہا ہے جیسے وہ اپنی ہمت اور برداشت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برس مسلسل سفر کرتے ہوئے گزرے اور صورتِ حال یہ رہی کہ کسی ایک جگہ چند دن سے زیادہ ٹھہرنا بھی مشکل ہوگیا تھا۔

گلوکار کا کہنا ہے کہ موسیقی کے ساتھ اداکاری کی ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں، جبکہ مسلسل کام کے اس معمول نے ان کی صحت کو متاثر کیا ہے۔ انہیں فی الحال اپنی صحت کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں کچھ وقت کے لیے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا مقصد مناسب آرام کرکے مکمل طور پر صحت یاب ہونا ہے۔

دانیال ظفر حال ہی میں ڈرامہ سیریلز ’رقص‘ اور ’زنجیریں‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیے تھے۔ وہ اپنے نئے اسٹوڈیو البم ’اسٹورمز اینڈ سیرنیٹی‘ کی تشہیر میں بھی مصروف تھے، جسے ہفتے کے روز ریلیز کیا جانا طے تھا۔ ان کے عارضی وقفے کے اعلان کے بعد البم کی تشہیری سرگرمیوں اور آئندہ پیشہ ورانہ مصروفیات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔