کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 6 زخمیوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فونز، نقدی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق شرافی گوٹھ پولیس نے شاہ فیصل ندی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کی شناخت نادر کے نام سے ہوئی۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
جمشید کوارٹر پولیس نے ایم اے جناح روڈ پر اسلامیہ کالج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک زخمی ہے۔ زخمی ملزم کی شناخت منظور کے نام سے ہوئی، جسے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم سمیر کو تھانے منتقل کیا گیا۔
گلشن معمار پولیس نے تیسر ٹاؤن سیکٹر 85 میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کی شناخت سنگل خان کے نام سے ہوئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں ڈینٹل کالج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا۔
زخمی ملزمان فراز احمد اور ساگر کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ تیسرے ملزم محمد عمران کو تھانے منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تین پستول، موبائل فونز، نقدی سمیت پرس اور رکشا برآمد ہوا۔
دوسری جانب ابراہیم حیدری پولیس نے روشن کانٹا کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد عثمان نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا۔