کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


یاسین جبلپوری October 27, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس نے شاہ نواز بھٹو کالونی میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی۔

زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

دوسری جانب کورنگی پولیس نے ڈھائی نمبر غریب نواز روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 25 سالہ عثمان کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔