تین سالہ بچے کی فٹبال مہارت تنازع بن گئی، لیگ انتظامیہ نے پولیس بلا لی

منتظم نے الزام لگایا کہ بچہ دوسرے کھلاڑیوں کو دھکے دے رہا تھا اور والدین کے ساتھ اختلاف کے بعد صورت حال خراب ہوگئی


اسپورٹس ڈیسک October 27, 2026

امریکا میں تین سالہ بچے کو فٹبال میں غیر معمولی مہارت دکھانے پر یوتھ لیگ سے نکالنے کے معاملے نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی جبکہ منتظمین کی شکایت پر پولیس بھی پہنچ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچے نیواڈا کے والدین، مارتاسیا گریفن اور ڈان پیئر کا مؤقف ہے کہ ان کے بیٹے کو دوسرے بچوں کے مقابلے میں بہتر کھیلنے اور زیادہ گول کرنے کی وجہ سے لیگ سے باہر کیا گیا۔

والدین نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں بچہ مخالف کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کر گول کرتا دکھائی دیتا ہے۔

پولیس کی باڈی کیمرہ فوٹیج کے مطابق آئی نائن اسپورٹس کے ایک منتظم نے الزام لگایا کہ بچہ دوسرے کھلاڑیوں کو دھکے دے رہا تھا اور والدین کے ساتھ اختلاف کے بعد صورت حال خراب ہوگئی۔

منتظم نے پولیس سے خاندان کو وہاں سے ہٹانے کی درخواست بھی کی۔

تاہم بچے کی والدہ نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ ان کے بیٹے کو اچھی کارکردگی کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کے مطابق لیگ کی فیس تقریباً 300 ڈالر تھی۔

ونٹر پارک پولیس نے واضح کیا کہ اہلکاروں کے پاس خاندان کو پارک سے زبردستی نکالنے یا اس پر تجاوزِ ملکیت کا الزام عائد کرنے کی بنیاد نہیں تھی۔

پولیس کے مطابق خاندان نے تعاون کیا، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا اور لیگ کی جانب سے رقم واپس کرنے کی پیشکش کی گئی۔