لامین یامال سے مذاق کرنا تھیری ہینری کو مہنگا پڑ گیا، سوشل میڈیا پر تنقید

ہینری کے تبصرے پر محفل میں قہقہے گونج اٹھے تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اسے 19 سالہ فٹبالر کے لیے غیر مناسب قرار دیا


اسپورٹس ڈیسک October 27, 2026

بیلن ڈی اور 2026 کی تقریب کے دوران فرانس کے سابق اسٹار فٹبالر تھیری ہینری کا اسپینش نوجوان کھلاڑی لامین یامال سے ہلکا پھلکا مذاق سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔

تقریب کی میزبانی کرنے والے ہینری نے بارسلونا کے فارورڈ یامال کو مسلسل تیسری مرتبہ کوپا ٹرافی جیتنے پر مبارک باد دینے کے بعد سوال کیا، ’کیا آپ واقعی یہی ٹرافی جیتنا چاہتے تھے؟‘ ان کے اس جملے کو بیلن ڈی اور ایوارڈ کی جانب اشارہ سمجھا گیا، جو یامال جیتنے کے خواہش مند تھے۔

ہینری کے اس تبصرے پر محفل میں قہقہے گونج اٹھے تاہم سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے اسے 19 سالہ فٹبالر کے لیے غیر مناسب قرار دیا۔

بعض صارفین کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے کھلاڑی کو نوجوان فٹبالر کے ساتھ ایسا مذاق نہیں کرنا چاہیے تھا۔

دوسری جانب کئی شائقین نے ہینری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف مزاح کرنا تھا نہ کہ یامال کو شرمندہ کرنا۔

واضح رہے کہ بیلن ڈی اور کی دوڑ میں یامال تیسرے نمبر پر رہے جبکہ بائرن میونخ اور انگلینڈ کے اسٹرائیکر ہیری کین نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

فرانس کے کائیلیان ایمباپے دوسرے نمبر پر رہے۔