لاہور:
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی سیکریٹری پیٹرولیم اور اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم سے اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی جس میں حکومتی حکام نے پیٹرول پمپ مالکان کو قیمتوں میں یومیہ ردوبدل نظام جلد واپس لانے کی یقین دہانی کروا دی۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے باعث پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش کاروباری مشکلات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
حکومتی حکام نے یقین دہانی کرائی کہ ملکی حالات اور پیٹرول پمپ مالکان کے مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں ردوبدل کے موجودہ روزانہ نظام کو جلد از جلد 15 روزہ بنیاد پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وفد میں چیئرمین ہمایوں خان، وائس چیئرمین نعمان علی بٹ، وائس چیئرمین انعام الحق، پوٹھوہار ڈویژن کے صدر عبدالعزیز، جنرل سیکریٹری سندھ رضا عباس، اسلام آباد و راولپنڈی کے صدر سردار فاروق، جنرل سیکریٹری سید سبطین شاہ، سینئر نائب صدر آصف محمود، انفارمیشن سیکریٹری احمد جمال اور فنانس سیکریٹری حفیظ قریشی شامل تھے۔
اعلامیہ کے مطابق آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن پیٹرول پمپ مالکان کے جائز حقوق کے تحفظ، کاروباری استحکام اور پیٹرولیم سیکٹر میں بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔