ایران، سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا اجلاس علاقائی امن کے لیے اہم موقع ہے، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے لیے صرف مذاکرات کافی نہیں ہیں


ویب ڈیسک October 28, 2026

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران میں ایران، سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا چار ملکی اجلاس خطے میں امن و سلامتی کے لیے مذاکرات آگے بڑھانے کا اہم موقع تھا۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے بدھ کو انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ چاروں ممالک کی جانب سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس سفارتی موقع کو دیرپا تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اصولوں پر اتفاق، اعتماد سازی، ایک دوسرے کی خودمختاری کے احترام اور عملی اقدامات کی ضرورت ہوگی۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے لیے صرف مذاکرات کافی نہیں، بلکہ ممالک کو باہمی احترام اور ٹھوس وعدوں کے ذریعے تعاون کو آگے بڑھانا ہوگا۔

عراقچی کے بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ علاقائی ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور اعتماد کی فضا قائم کرکے امن و سلامتی کے مشترکہ مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔