خیبرپختونخوا کی تحصیل پبی کے علاقے اکبرپورہ میں دو کلو میٹر طویل بجلی کی 11 ہزار وولٹ لائن کی تار چوری کر لی گئی جس کے نتیجے میں علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پبی کے علاقے کیمپ کورونہ اکبرپورہ میں نامعلوم چور رات کے وقت بجلی کے کھمبوں سے تقریباً دو کلومیٹر طویل 11 ہزار وولٹ لائن کے تار کاٹ کر لے گئے، جس کے باعث علاقہ بجلی سے محروم ہو کر تاریکی میں ڈوب گیا۔
کھمبوں سے بجلی کے تار کی چوری کے خطرناک واقعے پر علاقے کے عوام نے تشویش کا اظہار کیا۔
تحصیل بار کونسل پبی کے فنانس سیکریٹری نجم الزمان ایڈووکیٹ نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پولیس گشت نہ ہونے کے باعث چوروں کو واردات کا موقع ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو کلومیٹر طویل بجلی لائن کے تار کاٹ کر لے جانا معمولی بات نہیں، اگر پولیس باقاعدگی سے گشت کرتی تو اس قسم کی واردات کو روکا جا سکتا تھا۔
انہوں نے ڈی پی او نوشہرہ سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملوث چوروں کو گرفتار کیا جائے۔