لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے ٹرائی نیشن سیریز میں شریک پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں خصوصی تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں غیر ملکی مہمانوں کا شاہی استقبال کیا گیا۔
تقریب میں سری لنکن سفارتکاروں، چیف سیکریٹری پنجاب، سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، رمیز راجہ، سابق کرکٹرز، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
محسن نقوی نے عالمگیری دروازے پر تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا استقبال کیا۔ مہمانوں کو بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال اور حضوری باغ کی سیر بھی کرائی گئی، جبکہ شاہی قلعہ میں دیوانِ خاص، دیوانِ عام، بارود خانہ اور شیش محل کا دورہ کرایا گیا اور تاریخی مقامات کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
مغلیہ دور کے لباس میں ملبوس دربانوں نے دیوانِ خاص میں مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ ڈھولیچی گروپ کی پرفارمنس نے تقریب کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے رنگیلا رکشہ کی سواری سے بھی لطف اٹھایا اور شاہی قلعہ کی تاریخ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ تمام مہمان پاکستان کے خصوصی مہمان ہیں۔ پاکستان ایک پُرامن اور محفوظ ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ سے خصوصی لگاؤ رکھتی ہے۔
غیر ملکی کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے تقریب کو یادگار قرار دیتے ہوئے پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخی مقامات دیکھ کر خوشی ہوئی اور وہ لاہور سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔ میچ آفیشلز نے بھی تقریب کو ناقابلِ فراموش تجربہ قرار دیا۔