ہالینڈ؛ چڑیا گھر میں چیتے کے حملے میں شدید زخمی خاتون ملازمہ دم توڑ گئیں

خاتون تقریباً 40 سال سے جنوبی ہالینڈ کے بیکسے برگن سفاری پارک میں کام کر رہی تھیں


ویب ڈیسک October 29, 2026
ہالینڈ کے بیکسے برگن سفاری پارک میں چیتے کے حملے سے زخمی ہونے والی خاتون ملازمہ دم توڑ گئی

ہالینڈ کے سفاری پارک میں چیتے کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون ملازمہ کئی روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق واقعہ 24 اکتوبر کو جنوبی ہالینڈ کے بیکسے برگن سفاری پارک میں پیش آیا تھا جہاں خاتون تقریباً 40 سال سے کام کر رہی تھیں۔

پارک انتظامیہ کے مطابق خاتون کو دو نر فارسی چیتوں کے احاطے میں کام کے دوران حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے سر اور گردن پر شدید زخم آئے۔

انھوں نے واکی ٹاکی کے ذریعے ساتھیوں کو اطلاع دی جس کے بعد ایمبولینس اور طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا۔

خاتون کو ہنگامی آپریشن کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اتوار کی شام ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور منگل کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون 8 برس سے ان چیتوں کے ساتھ کام کر رہی تھیں اور حملے کے وقت احاطے میں اکیلی تھیں۔

پولیس نے واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔پارک انتظامیہ نے تسلیم کیا کہ اس احاطے کے اندر نگرانی کے کیمرے نصب نہیں تھے۔

​​​​