ہالینڈ کے سفاری پارک میں چیتے کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون ملازمہ کئی روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق واقعہ 24 اکتوبر کو جنوبی ہالینڈ کے بیکسے برگن سفاری پارک میں پیش آیا تھا جہاں خاتون تقریباً 40 سال سے کام کر رہی تھیں۔
پارک انتظامیہ کے مطابق خاتون کو دو نر فارسی چیتوں کے احاطے میں کام کے دوران حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے سر اور گردن پر شدید زخم آئے۔
انھوں نے واکی ٹاکی کے ذریعے ساتھیوں کو اطلاع دی جس کے بعد ایمبولینس اور طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا۔
خاتون کو ہنگامی آپریشن کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اتوار کی شام ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور منگل کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون 8 برس سے ان چیتوں کے ساتھ کام کر رہی تھیں اور حملے کے وقت احاطے میں اکیلی تھیں۔
پولیس نے واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔پارک انتظامیہ نے تسلیم کیا کہ اس احاطے کے اندر نگرانی کے کیمرے نصب نہیں تھے۔