گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے پشاور میں موجود آبائی گھروں کی بحالی کا کام جلد شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور کے تاریخی ورثے اور سیاحتی مقامات کی ترقی و بحالی سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں مشیر محکمہ ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کو پشاور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت، تاریخی مقامات اور ورثے کے تحفظ و بحالی سے متعلق جبکہ نائٹ ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پشاور صدیوں پر محیط تاریخ، تہذیب اور ثقافت کا ایک زندہ ورثہ ہے، اس کے تاریخی تشخص کو اجاگر کرکے اسے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گورگٹھڑی میں موجود وینٹیج ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ایسی جگہ رکھا جائے جہاں سیاح انہیں دیکھ سکیں جبکہ تاریخی مقامات کی سیر کے لیے خصوصی سیاحتی بسیں چلانے پر توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے ٹول پلازہ کے قریب پشاور کے تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے سے متعلق بڑے معلوماتی بورڈز نصب کیے جائیں۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پشاور کی ثقافت، فنون اور ادبی روایات کو زندہ رکھنے کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز خوش آئند ہے۔ اس کے علاوہ فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے۔