سکھر، پولیس اور وفاقی سول حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں انعام یافتہ انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک

ہلاک ڈاکو اور اس کا گروہ کچے کے علاقے میں پناہ لے کر مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھا، پولیس


ویب ڈیسک October 30, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

پولیس نے وفاقی سول حساس ادارے کی معاونت سے کارروائی کرتے ہوئے 30 لاکھ روپے انعام یافتہ انتہائی مطلوب ڈاکو عبدالقادر عرف قادرو جاگیرانی کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ سانگی کی حدود میں قومی شاہراہ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران قادرو جاگیرانی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے۔

ہلاک ڈاکو کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق قادرو جاگیرانی رینجرز اور پولیس پر حملوں، اہلکاروں کی شہادت، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، سی پیک سے متعلق اغوا کی وارداتوں اور دہشت گردی سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ڈاکو اور اس کا گروہ کچے کے علاقے میں پناہ لے کر مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھا، جبکہ حکومت سندھ نے اس کی گرفتاری پر 30 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔