کراچی:
نارتھ کراچی میں ایک شخص کی گولی لگی لاش ملی ہے جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیرنگری تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر فائیو بی تھری رحمانیہ موڑ کے قریب ایک شخص کی گولی لگی لاش ملی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، مقتول کی عمر30 سال کے قریب ہے اور فوری طور پر لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیرنگری فرخ شہریار کے مطابق رحمانیہ موڑ کے قریب 125 موٹر سائیکل پر سوار 3 اشخاص جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل گڑھے سے گزرنے کی وجہ سے موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا ہوا شخص اچانک گرگیا۔
گرنے والے شخص کو اٹھانے کے لیے قریب موجود رکشوں کے ڈرائیور موقع پر پہنچے تو مقتول کی کمر سے خون نکل رہا تھا، اسی دوران موٹر سائیکل سوار واپس آئے اوران میں سے ایک شخص نے بتایا کہ یہ اس کا بھائی ہے اسے جلدی رکشے میں ڈال کر اسپتال لیکر چلیں۔
ایس ایچ او کے مطابق مقتول کو جیسے ہی رکشے میں ڈالا تو موٹر سائیکل سوار فرار ہوگئے جس پر رکشے والوں نے پولیس کو اطلاع دی، مقتول کی فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی، مقتول کو کہاں اور کس نے گولی ماری اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدوردارالعلوم عرفانیہ مدرسے کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے فوری طورپرسول اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی کی شناخت 31 سالہ شاہ ولد پیر حسین شاہ کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او سعید آباد پرویز سولنگی کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والا اسٹیٹ کا کام کرتا ہے اور فائرنگ کا واقعہ رقم کی لین دین کا تنازع ہے، فائرنگ کرنے والے ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔