کراچی؛ تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے ایک شخص جاں بحق، 7 زخمی

مسافر کوچ حب چوکی سے کراچی آ رہی تھی، ریسکیو حکام



کراچی:

بلدیہ حب ریور روڈ نیول گیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے مسافر کوچ میں سوار ایک شخص جاں بحق اور لڑکی سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سعیدآباد تھانے کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ نیول گیٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے مسافر کوچ میں سوار ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، امدادی کارروائی جاری ہے۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ایدھی اور چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر 45 سال کے قریب ہے تاہم فوری طور پر متوفی کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 38 سالہ عبدالواحد ولد خمیسہ، 60 سالہ اظہر ولد غلام یاسین، 27 سالہ عمران ولد مختیار احمد، 40 سالہ محمد ارشد ولد عبدالعزیز، 20 سالہ محمد خلیل ولد ارشد، 17 سالہ سامعیہ دختر خدا بخش اور 21 سالہ یاسین ولد خدا بخش شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ حب چوکی سے کراچی آ رہی تھی کہ بلدیہ حب ریور روڈ نیول گیٹ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔