کراچی:
گلشن معمار کے علاقے گبول گوٹھ میں جنرل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ڈاکو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گلشن معمار گبول گوٹھ میں واقع جنرل اسٹور پر مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی، اس دوران دکان پر موجود افراد نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت عنایت، جعفر اور نوید کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی عنایت اور جعفر سگے بھائی ہیں۔ تینوں زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔