خیبرپختونخوا کی جامعات کے مسائل کا حل، وائس چانسلرز کانفرنس میں اہم فیصلے

ورکنگ گروپس نے درپیش چیلنجز کے خاتمے کے لیے ٹھوس سفارشات بھی مرتب کر لیں


خالد محمود October 31, 2026

پشاور:

خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات کو درپیش تعلیمی،انتظامی اورمالیاتی مسائل کے حل کے لیے پشاور میں وائس چانسلرزکانفرنس کاانعقاد کیا گیا۔

بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبر پختونخوا کی پالیسی کے تحت منعقدہ خصوصی کانفرنس کے دوران خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات کو درپیش سنگین تعلیمی، انتظامی اور مالیاتی بحرانوں کے حل کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دی گئی۔

وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی، سیکریٹری اعلیٰ تعلیم اور مختلف سرکاری جامعات کے سربراہان نے اس اہم اجلاس میں شرکت کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ تھے۔

ڈاکٹر عامر عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی مشاورت ناگزیر ہے، جس کے بغیر بہتری لانا ممکن نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جامعات میں منشیات کی روک تھام اور طلبہ کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالیاتی گورننس کو شفاف بنانے، داخلی آڈٹ کے نظام کو مستحکم کرنے اور تحقیق کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

کانفرنس کے دوران تشکیل دیے گئے ورکنگ گروپس نے درپیش چیلنجز کے خاتمے کے لیے ٹھوس سفارشات بھی مرتب کر لی ہیں۔