کراچی:
مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلوں کے دوران 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے مومن آباد سیکٹر الیون ای میں علاقہ پولیس اور شاہین فورس کا مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا، دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت دنیا زیب ولد امیر عالم اور قاسم خان ولد حیات خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلیے جبکہ ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دوسرے ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے خواجہ اجمیر نگری سیکٹر 2، جمعرات بازار کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسماعیل ولد صدر بہادر اور وحید احمد ولد لعل محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے 2 پستول، 5 موبائل فون، نقدی، بٹوہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔
دونوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ مزید تفتیش اور ان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔
اُدھر جیل چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔