کراچی؛ سندھ ہائیکورٹ کا پارک پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کا حکم

عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ریونیو حکام سے 20 جنوری تک عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی


ناصر بٹ October 31, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ نے پارک پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کا حکم جاری کردیا۔

عدالت عالیہ نے کراچی کے علاقے اسکیم 33 میں پارک کی زمین پر قبضہ کرکے تعمیرات کرنے کے خلاف درخواست پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور پارک کی بحالی کے لیے کے ایم سی متعلقہ حکام کی معاونت کرے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ریونیو حکام سے 20 جنوری تک عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی۔

درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ تعمیرات کے مقام پر کے الیکٹرک کی تنصیبات بھی موجود ہیں۔

ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے بھی خط لکھا ہے کہ یہاں تعمیرات کی وجہ سے خطرہ ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسکیم 33 سیکٹر 15 اے میں غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کیا جائے، جبکہ بلڈر کو مزید تعمیرات اور عمارت کی بکنگ کرنے سے بھی روکا جائے۔