کیپٹن (ر) صفدر کے خواتین سے متعلق ریمارکس پر تنقید، مریم نواز کا رد عمل بھی آگیا

وزیر اعلیٰ پنجاب کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو خواتین کے بارے میں غیر مناسب ریمارکس پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے


ویب ڈیسک October 31, 2026

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو خواتین کے بارے میں غیر مناسب ریمارکس پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے جب کہ اس حوالے سے مریم نواز نے بھی تبصرہ کیا  ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں چناب نگر میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا تھا کہ رات کو مجھے ایک ملعونہ کا میسج آیا کہ تمہارے شناختی کارڈ پر تو لکھا ہوا ہے محمد صفدر ولد محمد اسحاق تو مولانا فضل الرحمن کہاں سے آ گیا؟

میں نے کہا کہ تم کسی دارالعلوم میں پڑھتی تو تمہارا جسم تمہاری مرضی نہ ہوتی، تو جب بیمار ہوتی ہیں، پھر کینسر ہو جاتا ہے، کہتی ہیں کہ یہاں کا کینسر ہے، کوئی کہتی ہے کہ وہاں کا کینسر ہے، تو جب تمہارا جسم ہے تو ٹھیک کرلو پھر۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے شوہر کیپٹن صفدر کے بیان پر رد عمل دیا اور اسے دلخراش قرار دیا۔

مریم نواز نے لکھا کہ یہ وہ خاموش لڑائی ہے جو ایک عورت، ایک بیوی، بند دروازوں کے پیچھے لڑتی ہے۔ اسے اُس وقت بھی ہمت سے کام لینا ہوتا ہے جب اسے لگتا ہے کہ وہ ٹوٹ رہی ہے۔ کچھ لڑائیاں خاموشی سے لڑی جاتی ہیں اور کچھ زخم نظر نہیں آتے۔