کراچی:
سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، حادثے میں 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے، جبکہ ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے واٹر ٹینکر تحویل میں لے لیا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق آصف سچل کا رہائشی اور سبزی فروش تھا، وہ صبح گھر سے سبزی خریدنے منڈی جارہا تھا کہ جمالی پل کے قریب ٹینکر نے اسے پیچھے سے کچل دیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ آصف چار بچوں کا باپ تھا اور اس کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔ اہلخانہ نے ڈرائیور کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
متوفی کے کزن نے شہر میں واٹر ٹینکروں کی تیز رفتاری اور مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس پیسے لے کر ٹینکر مافیا کو چھوڑ دیتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرار ڈرائیور کو فوری گرفتار کیا جائے۔