کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس سے مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، اسی طرح گڈاپ سٹی پولیس نے بھی ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے بلال کالونی کے علاقے فور-کے چورنگی کے قریب شاہین فورس کے جوانوں نے مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈاکو ہلاک کردیا اور اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ڈاکوؤں کے قبضے سے دو پستول، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد حاصل کرنے کے بعد ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی دونوں ڈاکوؤں کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ادھر کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی پولیس نے کریم ٹاؤن کے قریب مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت ثمر گل کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے جبکہ پولیس نے زخمی ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا اور اس سے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کراچی پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ڈاکووں کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے۔