عالمی سیاست میں پاکستان کا بڑھتا ہوا کردار

کیا عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا اثر عام پاکستانی کی زندگی پر بھی پڑ رہا ہے؟


سرور منیر راؤ November 01, 2026

عالمی سیاست کے بدلتے ہوئے منظرنامے میں پاکستان ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سامنے آنے والی سفارتی پیش رفت، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی کوششیں، سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ بڑھتا ہوا دفاعی تعاون اور عالمی مالیاتی اداروں میں پاکستان کو ملنے والی نئی ذمے داریاں اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار میں ایک نئی جہت پیدا ہو رہی ہے۔

یہ محض سفارتی سرگرمیوں کے معمول کا تسلسل نہیں بلکہ ایک ایسا موقع ہے جو پاکستان کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھول سکتا ہے تاہم اس کے ساتھ ایک بنیادی سوال بھی موجود ہے: کیا ہم اپنی خارجہ پالیسی کی کامیابیوں کو داخلی سیاسی استحکام، معاشی خودمختاری اور عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں؟

اکتوبر 2026ء میں پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب بینکاک میں منعقدہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کو 2027ء کے لیے دونوں اداروں کے بورڈ آف گورنرز کی سربراہی سونپنے کا اعلان کیا گیا۔ پاکستان کو یہ ذمے داری تقریباً سات دہائیوں بعد دوبارہ مل رہی ہے۔ 1953ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ان دونوں اہم عالمی مالیاتی اداروں کے بورڈز کی سربراہی کرے گا۔

یہ ایک اہم سفارتی اور ادارہ جاتی اعزاز ہے لیکن اس اعزاز کی اصل اہمیت محض عہدے یا منصب میں نہیں بلکہ اس موقع میں پوشیدہ ہے جو پاکستان کو ترقی پذیر ممالک کے معاشی مسائل، قرضوں کے بوجھ، ترقیاتی مالیات اور عالمی اقتصادی نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے مل سکتا ہے۔

یہاں یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ بورڈ آف گورنرز کی سربراہی کا مطلب ان اداروں کی پالیسیوں پر یکطرفہ اختیار حاصل کرنا نہیں۔ یہ ایک اجتماعی ادارہ جاتی ذمے داری ہے، جس کی کامیابی کا انحصار سفارتی بصیرت، مشاورت اور مؤثر رابطہ کاری پر ہوگا۔

پاکستان کے لیے اصل امتحان یہی ہے کہ وہ اس موقع کو محض قومی اعزاز تک محدود رکھنے کے بجائے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک مؤثر آواز بنائے اور عالمی مالیاتی نظام میں زیادہ منصفانہ شرائط، قرضوں کے بوجھ میں کمی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی صورت حال نے پاکستان کی سفارت کاری کو ایک نئی اہمیت دے دی ہے۔ ان تمام تعلقات کو بیک وقت آگے بڑھانا یقیناً آسان کام نہیں۔ اس کے لیے جذباتی نعروں کے بجائے بالغ نظری، مستقل مزاجی اور قومی مفادات پر مبنی خارجہ پالیسی درکار ہے لیکن اس تمام سفارتی سرگرمی کے ساتھ ایک سوال مسلسل ذہن میں گردش کرتا ہے۔

کیا عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا اثر عام پاکستانی کی زندگی پر بھی پڑ رہا ہے؟ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کسی بھی ملک کی اصل طاقت صرف اس کے سفارتی تعلقات، دفاعی معاہدوں یا عالمی فورمز پر حاصل ہونے والے عہدوں سے متعین نہیں ہوتی۔ اصل طاقت اس کی معیشت، مضبوط اداروں، سیاسی استحکام، تعلیم یافتہ نوجوانوں، جدید ٹیکنالوجی اور عوام کے معیار زندگی میں پوشیدہ ہوتی ہے۔

پاکستان آج بھی قرضوں کے دباؤ، مہنگائی، توانائی کے مسائل، بے روزگاری، برآمدات میں محدود اضافے اور سرمایہ کاری کی کمی جیسے بنیادی چیلنجز سے دوچار ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ ہمارے تعلقات کا ایک بڑا حصہ مالیاتی معاونت اور معاشی اصلاحات کے گرد گھومتا ہے۔ یہ صورت حال ہمیں یاد دلاتی ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کے بورڈز کی سربراہی ایک طرف اور اپنے معاشی مسائل کا پائیدار حل دوسری طرف، دونوں بالکل مختلف معاملات ہیں۔

ہمیں اپنی معاشی پالیسیوں کو اس انداز میں ترتیب دینا ہوگا کہ ملک بیرونی قرضوں پر انحصار کم کرے، برآمدات میں اضافہ ہو، صنعتی پیداوار کو فروغ ملے اور سرمایہ کاروں کو اعتماد حاصل ہو۔ ٹیکس نظام میں اصلاحات، سرکاری اداروں کی کارکردگی اور حکومتی اخراجات میں نظم وضبط بھی اسی سلسلے کی بنیادی ضرورتیں ہیں۔

اس کے ساتھ داخلی سیاسی استحکام کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ کوئی ملک اس وقت تک اپنی مکمل صلاحیتوں سے فایدہ نہیں اٹھا سکتا جب تک اس کے سیاسی ادارے ایک دوسرے پر اعتماد نہ کریں، آئین کی بالادستی قائم نہ ہو اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار نہ رہے۔ حکومتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن قومی ترجیحات اور ریاستی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔

پاکستان کی نوجوان آبادی ہماری سب سے بڑی قوت بن سکتی ہے، بشرطیکہ اسے معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ محض ڈگریاں بانٹنے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں۔

ہمیں ایسی نسل تیار کرنا ہوگی جو مصنوعی ذہانت، سائنس، ٹیکنالوجی، جدید صنعت، تحقیق اور عالمی معیشت کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ عالمی سطح پر اہمیت حاصل کرنے والے ممالک نے اپنی داخلی کمزوریوں کو طاقت میں تبدیل کرنے کے لیے طویل المدت حکمت عملی اختیار کی۔

سفارت کاری نے ان کے لیے راستے کھولے لیکن اصل ترقی مضبوط معیشت، مؤثر اداروں اور تعلیم و تحقیق میں سرمایہ کاری سے حاصل ہوئی۔

پاکستان آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں عالمی سطح پر ملنے والے مواقع کو قومی ترقی کی بنیاد بنایا جا سکتا ہے۔

ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم محض عالمی سیاست کے واقعات پر ردعمل دینے والی ریاست بن کر رہیں گے یا اپنے قومی مفادات کے مطابق عالمی معاملات پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت پیدا کریں گے۔ بلاشبہ پاکستان کی سفارتی پیش رفت قابل تحسین ہے لیکن قومیں صرف عالمی اعزازات سے نہیں بلکہ اپنے عوام کو بہتر زندگی فراہم کرنے سے عظیم بنتی ہیں۔

پاکستان کو اب اپنی سفارتی کامیابیوں کو معاشی کامیابیوں میں تبدیل کرنا ہوگا۔ یہی اصل امتحان ہے اور یہی ہماری قومی منزل ہونی چاہیے۔