کراچی:
شہر قائد کے علاقے ضلع ویسٹ اور سینٹرل میں پولیس نے تین مختلف مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم کو ہلاک جبکہ چار زخمیوں سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق تھانہ اورنگی کی حدود مجیب گوٹھ میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار فرحان زخمی جبکہ ایک ملزم ہلاک ہوگیا ۔
ایس ایس پھ ویسٹ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت بلال ولد پیر محمد کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی۔
زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔تھانہ سرجانی کی حدود گلشن کاظم میں مسلح ملزمان سے مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت انیل ولد منسور مسیح اور امتیاز ولد محمد نواز کے نام سے ہوئی، انیل فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا۔
ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول اور موبائل فون برآمد ہوا۔ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے ملزم کو تھانے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ادھر ضلع سینٹرل میں تھانہ یوسف پلازہ پولیس نے ایف بی ایریا بلاک 16 میں منصورہ گراؤنڈ کے قریب اسٹریٹ کرمنلز سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت آصف ولد رحیم الدین اور دانش ولد نواب کے نام سے ہوئی، آصف فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کو اسپتال جبکہ دوسرے کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔