یمنی افواج کا 24 گھنٹوں کے دوران 500 حوثی جنگجوؤں کو ہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ

کارروائیوں میں 169 گاڑیوں، آلات اور بھاری ہتھیاروں کو تباہ یا نقصان پہنچا


ویب ڈیسک November 02, 2026

یمن کی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,272 کارروائیوں کے دوران تقریباً 500 حوثی جنگجوؤں اور فیلڈ کمانڈروں کو ہلاک و زخمی  کردیا ہے۔

فوج کے ترجمان ماجد النزیلی نے کہا کہ کارروائیوں میں 169 گاڑیوں، آلات اور بھاری ہتھیاروں کو تباہ یا نقصان پہنچا۔ تاہم بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حوثیوں میں سے کتنے ہلاک یا زخمی ہوئے۔

امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں النزیلی نے کہا کہ حملوں میں یمن کے آپریشن ڈان کے حصے کے طور پر حوثی ٹھکانوں، کمک، قلعہ بندی، فائرنگ کی جگہوں اور سپلائی راستوں کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے زمینی پیش قدمی اور شمالی یمن میں الجوف محاذ پر پوزیشنوں پر دوبارہ قبضہ کرنے میں مدد ملی۔

ترجمان کے مطابق، حکومتی فورسز ماریب، البیضاء، لحج اور تعز صوبوں میں بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔