پاکستانی آل راؤنڈر اور ہانگ کانگ سکسز 2026 کے کپتان عباس آفریدی نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد پانچ ٹرافیوں کے ساتھ منفرد انداز میں جشن منایا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
25 سالہ عباس آفریدی تصویر میں بستر پر سونے کی اداکاری کرتے دکھائی دیے جبکہ ان کے ساتھ پانچ ٹرافیاں بھی پڑی ہوئی ہیں۔ انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے صرف چار میچز میں 216 رنز بنائے اور 31 چھکے لگائے۔ وہ آسٹریلیا کے میکس برائنٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے جبکہ سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی ان کے نام رہا۔
کھیلوں سے متعلق ایک سوشل میڈیا پیج کے مطابق عباس نے ٹورنامنٹ میں تین بار پلیئر آف دی میچ، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے کی ٹرافیاں حاصل کیں۔
عباس آفریدی نے عمان کے خلاف پلیٹ فائنل میں بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر ناقابلِ شکست 73 رنز بنائے تھے جس میں 11 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ پاکستان نے یہ مقابلہ 18 رنز سے جیت کر پلیٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
تاہم پاکستان مرکزی ٹرافی کا دفاع کرنے میں ناکام رہا اور مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن حاصل کی جبکہ افغانستان نے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر پہلی بار مرکزی ٹائٹل جیتا۔