حارث رؤف بگ بیش لیگ 16 کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا حصہ بن گئے

بگ بیش لیگ 16 میں حارث رؤف کو انگلینڈ کے بین اسٹوکس کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا


ویب ڈیسک November 02, 2026

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 16ویں ایڈیشن کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز سے معاہدہ کرلیا جہاں وہ انگلینڈ کے بین اسٹوکس کے ساتھ کھیلیں گے۔

32 سالہ حارث رؤف اس سے قبل پانچ سیزنز تک میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے 33 میچز میں 16.48 کی اوسط سے 56 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک ہیٹ ٹرک بھی اپنے نام کی۔

گزشتہ سیزن میں حارث نے 20 وکٹیں حاصل کی تھیں اور وہ بی بی ایل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دسویں بولر بنے تھے۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ہیڈ کوچ ٹم پین نے حارث رؤف کو میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ اور دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں اعلیٰ سطح پر کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ ان کے مطابق حارث دنیا کے تیز ترین بولرز میں شامل ہیں اور کسی بھی لمحے میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

حارث رؤف نے بھی نئی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیلیڈ اوول دنیا کے بہترین کرکٹ گراؤنڈز میں سے ایک ہے اور انہیں وہاں کھیلنا ہمیشہ اچھا لگا ہے۔ انہوں نے بین اسٹوکس، میٹ شارٹ اور مارک چیپمین جیسے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر بھی جوش کا اظہار کیا۔

بی بی ایل 16 کا افتتاحی میچ 16 دسمبر کو کینبرا میں سڈنی تھنڈر اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔