بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کا کہنا ہے کہ وہ بہار میں کنسرٹ کرنا چاہتے ہیں، تاہم وہاں کی انتظامیہ بڑے ہجوم کو سنبھالنے کی ذمے داری ان پر ڈال رہی ہے۔ گلوکار کے مطابق اسی وجہ سے فی الحال بہار میں پرفارم کرنا ممکن نہیں ہو پارہا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلجیت کو بھارت میں اپنے کنسرٹس کے انعقاد کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی میں بھی سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ان کا کنسرٹ رکوانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم اضافی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان میں تبدیلی کے بعد تقریب منعقد ہوسکی۔
انسٹاگرام لائیو کے دوران دلجیت نے بتایا کہ وہ پہلے بھی بہار میں کنسرٹ کرنے کی کوشش کرچکے ہیں، لیکن انتظامیہ نے ہجوم کو سنبھالنے میں مشکلات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ اس کی ذمہ داری خود لیں گے؟ گلوکار کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ مجمع سنبھالنا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے، تاہم انتظامیہ اس سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔
دلجیت نے کہا کہ ہزاروں افراد کے اجتماع کو سنبھالنا آسان نہیں، یہ کوئی چھوٹی تقریب نہیں ہوتی۔ اس میں سیکیورٹی کے ساتھ انتظامی اور لاجسٹک امور بھی دیکھنا پڑتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے دہلی میں کسی بڑے ایونٹ کے لیے ضروری ہوتا ہے۔