رجنی کانت کی ’جیلر 2‘ نے کمائی کا ایک نیا ریکارڈ بنالیا

فلم نے رجنی کانت کی آبائی ریاست تامل ناڈو میں 200 کروڑ روپے کا گراس کلیکشن حاصل کرلیا ہے


ویب ڈیسک November 02, 2026
(فوٹو؛ انٹرنیٹ)

بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت کی تامل فلم ’جیلر 2‘ نے ریلیز کے 17ویں روز ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ نلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے رجنی کانت کی آبائی ریاست تامل ناڈو میں 200 کروڑ روپے کا گراس کلیکشن حاصل کرلیا ہے، جو اداکار کے فلمی کیریئر میں ایک منفرد اعزاز ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے ہفتے کے روز ملک بھر میں 7 ہزار 486 شوز سے تقریباً 6.09 کروڑ روپے کا نیٹ بزنس کیا۔ اس میں تامل ورژن نے 3 ہزار 533 شوز سے 4.46 کروڑ روپے، ہندی ورژن نے 3 ہزار 236 شوز سے تقریباً 99 لاکھ روپے، جبکہ تیلگو ورژن نے 717 شوز سے 64 لاکھ روپے کمائے۔

17ویں روز کی کمائی کے بعد فلم کا بھارت میں مجموعی نیٹ کلیکشن 441.49 کروڑ روپے اور انڈیا گراس تقریباً 516.64 کروڑ روپے ہوگیا۔ فلم نے ابتدائی آٹھ دنوں میں 334.35 کروڑ روپے کمائے، جبکہ دوسرے ہفتے میں مزید 95.55 کروڑ روپے اس کے کھاتے میں آئے۔ 16ویں روز کا نیٹ بزنس تقریباً 5.50 کروڑ روپے تھا، جو اگلے روز بڑھ کر 6.09 کروڑ روپے ہوگیا۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 16ویں روز تک فلم کا عالمی گراس بزنس، بھارت اور بیرونِ ملک کی کمائی ملا کر، تقریباً 776.95 کروڑ روپے بتایا گیا تھا۔

تامل ناڈو میں 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنا رجنی کانت کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی سابقہ بلاک بسٹر فلم ’جیلر‘ نے اس ریاست میں تقریباً 189.35 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا، تاہم ’جیلر 2‘ نے محض 17 دنوں میں یہ ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔

فلم کی کامیابی کے بعد عالمی سطح پر ایک ہزار کروڑ روپے کے بزنس کا امکان بھی زیرِ بحث ہے۔ معروف ڈسٹری بیوٹر اور تھیٹر مالک تروپور سبرامنیم نے پیش گوئی کی ہے کہ ’جیلر 2‘ دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے کمانے والی پہلی تامل فلم بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔