لاہور: بیوی پر تیزاب گردی کرنے والا سفاک شوہر بیٹی سمیت گرفتار

تیزاب پھینکنے سے خاتون کا کمسن بیٹا بھی متاثر ہوا، جنرل اسپتال میں علاج جاری


سید مشرف شاہ November 03, 2026

لاہور:

کاہنہ پولیس نے بیوی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں شوہر انصاف علی کو اس کی بیٹی سمیت گرفتار کرلیا، دونوں ملزمان کو فیصل آباد سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان خاتون پر تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہوگئے تھے، واقعہ روہی نالہ کے قریب پیش آیا جہاں فیکٹری سے چھٹی کے بعد گھر جانے والی ماں اور بیٹے کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

تیزاب سے خاتون کی گردن، کمر اور دونوں ٹانگیں جبکہ بچے کا دایاں بازو متاثر ہوا۔ متاثرہ ماں اور بیٹے کا جنرل اسپتال میں علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ نمبر 9358/26 درج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم انصاف علی سے تفتیش جاری ہے جبکہ اس کی بیٹی بھی زیر حراست ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خواتین کے تحفظ سے متعلق ریڈ لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔