سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ نے خلع لے لی، عدالت سے ڈگری جاری

خاتون شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں، مصالحت کی کوششیں بھی کامیاب نہ ہوسکیں، عدالت


فیاض محمود November 03, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

فیملی کورٹ نے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور ان کی اہلیہ حمیرا طیبہ کے درمیان نکاح، خلع کی بنیاد پر ختم کرتے ہوئے ڈگری جاری کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں فیملی کورٹ کی جج امبرین اقبال نے حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کی۔ عدالت کے مطابق خاتون شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں، عدالت میں مصالحت کی کوششیں بھی کامیاب نہ ہوسکیں۔

عدالت کے مطابق خاتون نے اپنے بیان حلفی میں شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار کیا۔ خلع کی بنیاد پر نکاح ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے قرار دیا کہ حق مہر کے حوالے سے دونوں فریقوں  کا ایک دوسرے پر کوئی دعویٰ نہیں ہے۔

بچوں کے نان نفقہ، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعاؤں سے متعلق باقی دعویٰ واپس لینے پر خارج کردیا گیا۔ عدالت نے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل شوہر اور متعلقہ یونین کونسل کو بھجوانے کا حکم بھی دیا۔