کھٹمنڈو: نیپال کے پہاڑی علاقے ایورسٹ میں بیس کیمپ کے قریب دو ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی کوشش کے دوران آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی مسافر ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر نیپال کے علاقے پھیریچے میں پیش آیا۔ دونوں ہیلی کاپٹرز فش ٹیل ایئر اور ایئر ڈائنسٹی نامی کمپنیوں کے زیرِ آپریشن تھے اور لینڈنگ کی کوشش کررہے تھے کہ آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے کے نتیجے میں ایک غیر ملکی مسافر جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ایک دوسرا شخص زخمی ہوا۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
حکام کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کے ٹکرانے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی، جبکہ دونوں ہیلی کاپٹروں کو پہنچنے والے نقصان اور متاثرہ افراد کی مزید تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔
نیپال کا ایورسٹ خطہ کوہ پیماؤں اور سیاحوں کے لیے اہم مقام ہے، جہاں دشوار گزار پہاڑی راستوں اور بلند مقامات تک رسائی کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کیے جاتے ہیں۔