ملک میں مغربی ہواؤں کے اثرات، کراچی میں آئندہ تین روز موسم کیسا رہے گا؟

سسٹم کے زیر اثر کل قمبر شہداد کوٹ اور دادو اضلاع کے مغربی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات


آفتاب خان November 03, 2026

کراچی:

ملک کے مغربی علاقوں پر آج سے مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ اثر انداز ہونے کا امکان ہے جس کے زیر اثر کل قمبر شہداد کوٹ اور دادو اضلاع کے مغربی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیشگوئی کے مطابق صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں موسم خشک رہنے کے ساتھ رات خنک جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم نسبتاً گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

کراچی ڈویژن کے لیے اگلے تین دن کے موسم کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے جس کے مطابق منگل سے جمعرات کے درمیان کراچی کا موسم دن بھر خشک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں کم سے کم پارہ 21 تا 23 اور زیادہ سے زیادہ 33 تا 35 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں پہلے پہر شمال، شمال مغربی اور دوسرے پہر مغرب، جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

دن اور رات کے درجہ حرارت میں زیادہ فرق کی وجہ سے انسانوں اور مویشیوں کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔ عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے مویشیوں کی صحت کا بھی خاص خیال رکھیں۔