ایم کیو ایم پاکستان کے رکن نے 10 نومبر کو عام تعطیل کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا

8 سے 10 نومبر کے دوران اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ


اسٹاف رپورٹر November 03, 2026
عام تعطیل فوٹو : فائل

کراچی:

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی نے دیوالی کے موقع پر 10 نومبر کو تعلیمی اداروں میں اضافی تعطیل دینے کا مطالبہ کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی مہیش کمار ہاسیجا نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ رواں سال دیوالی 8 نومبر بروز اتوار کو منائی جائے گی جبکہ 9 نومبر کو یومِ اقبال کی تعطیل ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے شہروں میں تعلیم حاصل کرنے والے ہندو طلبہ کو خصوصی سہولت فراہم کی جائے، 8 سے 10 نومبر کے دوران اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں شیڈول امتحانات ملتوی کرکے نئی تاریخیں دی جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہندو سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو دیوالی سے قبل تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

 مہیش کمار ہاسیجا کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادی، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 20، 25 اور 36 کی روح کے مطابق ہے۔