کراچی:
کراچی پورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل تیز کردیا گیا ہے، جہاں کے پی ٹی اور کے آئی سی ٹی کے اشتراک سے آپریشنز بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
کے پی ٹی کا ٹرمینل آپریٹر کے آئی سی ٹی جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے پورٹ آپریشنز میں بہتری لایا ہے، جس کے نتیجے میں ڈرائیو تھرو این ایل سی اسکیننگ سسٹم کے ذریعے اب فی گھنٹہ 25 سے 30 کنٹینرز کی اسکیننگ ممکن ہوگئی ہے، جس سے کنٹینرز کی جانچ کے عمل میں تیزی آئے گی۔
کراچی پورٹ کے یارڈ آپریشنز کو تیز اور ماحول دوست بنانے کے لیے برقی ریچ اسٹیکرز متعارف کرا دیے گئے ہیں، جبکہ یارڈ میں 27 نئے ٹریلرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات سے کارگو کی اندرونِ بندرگاہ نقل و حرکت بہتر ہوئی ہے۔ کے پی ٹی کے مطابق جدید انتظامات سے کنٹینرز کی ترسیل اور جہازوں کے آپریشنز میں تیزی آئے گی۔
کراچی پورٹ پر جدید نظام کے باعث جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم اور مجموعی پیداواری صلاحیت میں بھی بہتری آرہی ہے۔ اس کے علاوہ کے آئی سی ٹی ٹرین منصوبے کے تحت کراچی کو لاہور سے جیا باگہ ڈرائی پورٹ کے ذریعے منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے مال برداری اور زمینی رابطوں کو فروغ ملے گا۔
پورٹ کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے چہرے کی شناخت پر مبنی ڈیجیٹل تصدیقی نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔ بیرونی ڈرائیوروں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن اور داخلی دروازوں پر فوری تصدیق کا نظام فعال کردیا گیا ہے، جبکہ کراچی پورٹ پر اب تک 23 ہزار بیرونی ڈرائیوروں کی رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے۔
ترجمان کے پی ٹی کے مطابق ڈرائیوروں کی ڈیجیٹل تصدیق کو ٹرمینل آپریٹنگ سسٹم سے بھی منسلک کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے بندرگاہ میں داخلے کے عمل کو جدید اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔