جھانوی کپور نے والدہ سری دیوی کے ’ناگن‘ روپ کو ہالووین پر دوبارہ زندہ کردیا

1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نگینہ‘ میں سری دیوی، رشی کپور اور امریش پوری نے اہم کردار ادا کیے تھے


ویب ڈیسک November 03, 2026

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے ہالووین کے موقع پر اپنی آنجہانی والدہ سری دیوی کے مشہور فلمی کردار کو نئے انداز میں پیش کرکے مداحوں کو ماضی کی یاد دلا دی۔ انہوں نے 1986 کی فینٹسی فلم ’نگینہ‘ میں سری دیوی کے روپ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

جھانوی نے انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں وہ فلم کے مناظر اور تشہیری پوسٹر سے ملتا جلتا انداز اپنائے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے اپنی والدہ کی طرح گلابی لباس پہنا اور اس سے ہم آہنگ زیورات، میک اپ اور ہیئر اسٹائل کا انتخاب کیا، تاکہ فلم کے جادوئی ماحول کو دوبارہ تخلیق کیا جاسکے۔

اس تصویری سلسلے میں سوشل میڈیا انفلوئنسر اوری نے آنجہانی رشی کپور جبکہ جھانوی کے دوست وشنو پروین نے امریش پوری کا روپ اختیار کیا۔ اس طرح فلم کے یادگار کرداروں کو ایک بار پھر منظرِ عام پر لایا گیا۔

جھانوی نے پوسٹ کے ساتھ لکھا کہ ہالووین مبارک ہو، انہیں فلمی تاریخ کے مشہور ترین لمحات میں سے ایک کو دہرانا تھا۔ ان کے مطابق ہالووین اب پسندیدہ کرداروں اور پاپ کلچر کے یادگار مناظر کو منانے کا موقع بن چکا ہے، چاہے وہ خوفناک ہوں، مزاحیہ یا کسی فنکار کے لیے خراجِ تحسین۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ، رشی انکل اور امریش سر سے زیادہ آئیکونک کون ہوسکتا ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

جھانوی کے اس انداز کو شوبز شخصیات نے بھی سراہا۔ کرینہ کپور خان اور کرشمہ کپور سمیت کئی فنکاروں نے ان کی پوسٹ پر تبصرے کیے، جبکہ کرینہ نے اسے بہت زبردست قرار دیا۔

1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نگینہ‘ میں سری دیوی، رشی کپور اور امریش پوری نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ کہانی ایک ایسی ناگن کے گرد گھومتی ہے جو انسانی روپ اختیار کرسکتی ہے۔ سری دیوی کی اداکاری نے اس کردار کو فلمی تاریخ کے یادگار کرداروں میں شامل کردیا۔