کراچی:
پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلشن چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد فہد ولد مبشر اور محمد اسامہ ولد عبدالخالق کے نام سے ہوئی، ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلیٰ کوالٹی کی منشیات کوکین کی سپلائی میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق دورانِ کارروائی ملزمان کی گاڑی میں موجود پلاسٹک باکس میں چھپائی گئی کوکین برآمد کرلی گئی، منشیات کی سپلائی میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر BQV-626 کو پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔ ملزمان سے برآمد ہونے والی اعلیٰ کوالٹی کی منشیات کوکین کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی جانب سے فراہم کردہ لوکیشنز پر جاتے تھے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر کارندے ان لوکیشنز پر منشیات رکھ کر چلے جایا کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان مذکورہ مقامات سے منشیات وصول کرکے کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا کرتے تھے، منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم آن لائن مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق منشیات کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔