واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کے بعد اپنی جماعت کے بعض رہنماؤں اور فاکس نیوز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ٹرمپ نے انتخابی نتائج کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب امیدواروں کی کامیابی اور شکست کی وجوہات پر سیاسی تبصرے کریں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ وہ اب ایک سیاسی مبصر بننے جا رہے ہیں اور انتخابی امیدواروں کی جیت اور ہار کا تجزیہ کریں گے۔
ٹرمپ نے ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر وہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ’رائنو‘ یعنی نام کے ریپبلکن نہ بنے ہوتے تو انتخابی شکست کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
امریکی سیاست میں ’رائنو‘ کی اصطلاح ایسے ریپبلکن رہنماؤں کے لیے استعمال ہوتی ہے جنہیں ٹرمپ کے حامی پارٹی کے روایتی مؤقف سے ہٹنے والا سمجھتے ہیں۔
امریکی صدر نے فاکس نیوز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چینل کو اپنے سیاسی پروگراموں میں ڈیموکریٹ شخصیات کو مسلسل جگہ دینے پر انتخابی نتائج کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
ٹرمپ نے ایک سرخ ٹوپی کی تصویر بھی شیئر کی جس پر ’ویٹو‘ لکھا تھا۔ اسے ڈیموکریٹس کے زیرِ کنٹرول کانگریس کی جانب سے منظور کیے جانے والے قوانین کو روکنے کے لیے صدارتی ویٹو کے اختیار کے استعمال کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے انتخابی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا نام بیلٹ پیپر پر موجود نہیں تھا، اگر وہ خود انتخاب لڑ رہے ہوتے تو ریپبلکنز بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے۔