جعلی ڈگری سے متعلق کیس میں  جمشید دستی کی ضمانت میں 16 نومبر تک توسیع

سپریم کورٹ نے تین رکنی بینچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا


جہانزیب عباسی November 04, 2026

سپریم کورٹ نے جمشید دستی کی جعلی ڈگری کے معاملے میں فوجداری کارروائی کیس میں  ان کی ضمانت میں 16 نومبر تک توسیع کردی۔

سپریم کورٹ نے 3 رکنی بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا، جسٹس ملک شہزاد  نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ کا فیصلہ ہے اس کو تین رکنی بینچ سن سکتا ہے۔

وکیل دل محمد علیزئی  نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فائنل آڈر نہیں آیا ہائیکورٹ کا عبوری حکمنامہ ہے، جسٹس ملک شہزاد  نے کہا کہ آپ کے مطابق اگر عبوری حکمنامہ ہے تو آپ کو ہائیکورٹ ہی جانا ہو گا، ہائیکورٹ نے آپ کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

پنجاب، اسلام آباد، سندھ اور خیبر پختونخوا کی جانب سے جمشید دستی کے خلاف کیسز کی رپورٹ جمع کروادی گئی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل راجہ شفقت نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے جمع رپورٹ کے مطابق جمشید دستی کیخلاف 6 مقدمات درج ہیں، اسلام میں 4 مقدمات درج ہیں، سندھ اور خیبر پختونخوا میں کوئی مقدمہ ریکارڈ پر نہیں۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ جمع کروانے کیلئے مہلت مانگ لی،  آئندہ سماعت سے قبل رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی، جسٹس شہزاد احمد ملک اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔