کراچی:
سندھ پولیس کا کارنامہ، شہری کا شناختی کارڈ نمبر اسکے ہم نام عادی ملزم سے منسوب کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں شہری کے شناختی کارڈ نمبر پر 29 مقدمات کا ریکارڈ شامل کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل جہانگیر شمس ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ پاک کالونی پولیس نے درخواست گزار کا شناختی کارڈ نمبر اسکے ہم نام ملزم سے منسوب کردیا۔
پولیس نے 29 مقدمات کا ریکارڈ درخواستگزار کے شناختی کارڈ سے لنک کردیا، شناختی کارڈ نمبر کے غلط اندراج کے باعث درخواستگزار کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں۔
ناقابل ضمانت وارنٹ کے باعث درخواستگزار کا شناختی کارڈ بھی بلاک کیا جاچکا ہے۔ ریکارڈ میں اندراج کی غلطی کی وجہ سے درخواست گزار کو ایک ہفتے تک پولیس نے حراست میں رکھا۔
پولیس حکام کو ریکارڈ کی دستگی کی درخواست کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی۔ درخواست گزار کا شناختی کارڈ نمبر ملزم کے ریکارڈ سے علیحدہ کیا جائے۔
عدالت نے درخواستگزار کے نام پر درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی۔