ٹریلر کے حادثات: نیٹی جیٹی کے قریب نوجوان جاں بحق، کورنگی میں زخمی خاتون دم توڑ گئی

26 اکتوبر کو کورنگی جام صادق پل پر ٹریلر کی ٹکر سے شدید زخمی خاتون جانبر نہ ہوسکی، حادثے میں شوہر موقع پر چل بسا تھا


اسٹاف رپورٹر November 04, 2026

کراچی:

نیٹی جیٹی پل کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا، 26 اکتوبر کو کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی جام صادق پل پر ٹریلر کی ٹکر سے شدید زخمی خاتون آج دم توڑ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکس تھانے کے علاقے نیٹی جیٹی پل کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی نوجوان کی شناخت21 سالہ عبدالتواب ولد عبدالخالق کے نام سے کی گئی۔

متوفی نوجوان ہنگورہ آباد لیاری کا رہائشی تھا، حادثے کےبعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریلرکو قبضے میں لے لیا جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوچکا تھا، پولیس نے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔

دریں اثنا 26 اکتوبر کو کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی جام صادق پل پر ٹریلر کی ٹکر سے شدید زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی  خاتون کی شناخت رافیعہ زوجہ وقار کے نام سے ہوئی، خاتون کا شوہر وقار ولد مسکین موقع پرجاں بحق ہوگیا تھا جبکہ خاتون شدید زخمی تھیں اور ان کی دونوں ٹانگیں ضائع ہوگئی تھیں، حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ٹریلر کو نذر آتش کردیا تھا۔