ضدی ٹرمپ کی 5 ایسی پالیسیاں جو الیکشن میں شکست فاش کا باعث بنیں؛ سروے

مہنگائی، جنگی پالیسی، کمزور انتخابی حکمت عملی اور بدلتے عوامی رجحانات نے مل کر ریپبلکن پارٹی کو انتخابی نقصان پہنچائی


ویب ڈیسک November 04, 2026
عدالت نے ٹرمپ کے طلبا اور صحافیوں کے ویزا کی متنازع پالیسی پر عمل درآمد روکدیا (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی تاریخی کامیابی اور ریپبلکنز کی بدترین پسپائی کے پیچھے پانچ بڑے عوامل سامنے آگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ریپبلکنز کی شکست کی وجوہات میں ایران جنگ، مہنگائی، ٹرمپ کی غیر مقبولیت اور مختلف نسلی برادریوں کے ووٹروں کی سیاسی ترجیحات میں تبدیلی نمایاں ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کی شکست کی پہلی بڑی وجہ مہنگائی ہے۔ ستمبر تک ایک سال کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے بھی شہریوں کی مشکلات بڑھائیں۔

ایک عوامی جائزے میں 79 فیصد ووٹروں نے مہنگائی کو اپنے خاندان کے لیے مشکلات کا سبب قرار دیا تھا۔ متوسط طبقے کے لیے ان حالات میں جینا محال ہوگیا تھا جب کہ غربت کی لکیر سے بھی نیچے آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ 

دوسری بڑی وجہ ایران کے خلاف جنگ بنی۔ امریکا اور اسرائیل کے فروری کے آخر سے شروع حملوں کے ردعمل میں ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا۔ جس سے عالمی توانائی منڈی متاثر ہوئی اور امریکی شہریوں کو بھی مہنگے ایندھن کا سامنا کرنا پڑا۔

سروے میں 63 فیصد امریکیوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو غلط قرار دیا جبکہ 74 فیصد نے کہا کہ یہ جنگ ان کے انتخابی فیصلے میں اہم کردار رکھتی ہے۔

تیسری وجہ ڈیموکریٹس کی منظم انتخابی مہم تھی۔ جس نے مہنگائی، صحت کی سہولتوں اور عام شہریوں کے معاشی مسائل کو مرکزی اہمیت دی۔ مضبوط مقامی امیدواروں نے روایتی ریپبلکن حلقوں میں بھی کامیابی حاصل کی۔

چوتھی وجہ خود ٹرمپ کی گرتی مقبولیت بنی۔ انھوں نے اپنی شخصیت کو انتخابی مہم کا مرکز بنایا لیکن مہنگائی اور جنگ کے خلاف عوامی غصے نے الٹا ان کی جماعت کو نقصان پہنچایا۔

پانچویں بڑی وجہ ہسپانوی اور سیاہ فام ووٹروں کا ڈیموکریٹس کی طرف واپس آنا تھا۔ ٹیکساس میں ہسپانوی اکثریتی اضلاع میں ڈیموکریٹس نے تینوں نشستیں جیت لیں۔ تارکین وطن کے خلاف سخت پالیسیوں پر بھی ناراضی بڑھی۔

ایک جائزے میں 56 فیصد امریکیوں نے امیگریشن ادارے کی منفی رائے دی۔

یوں مہنگائی، جنگی پالیسی، کمزور انتخابی حکمت عملی اور بدلتے عوامی رجحانات نے مل کر ریپبلکن پارٹی کو ایسا انتخابی نقصان پہنچایا جس سے ٹرمپ کی باقی مدت صدارت میں سیاسی مشکلات بڑھنے کا امکان ہے۔